ممبئی: ریاستی کانگریس کے ترجمان اتل لونڈھے نے مودی کے ذریعے ایمس بنائے جانے کے بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔ نریندر مودی اور امیت شاہ سوائے جھوٹ اور جملے بازی کے کچھ نہیں جانتے۔ چھتیس گڑھ میں ایک جلسے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مودی حکومت سے پہلے ملک میں ایمس نہیں تھا۔ جبکہ امیت شاہ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک میں پہلا ایمس 1953 میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے شروع کیا تھا جو آج بھی نمبر ون ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے جھوٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے اتل لونڈھے نے ملک میں ایمس کی مکمل فہرست پیش کی۔ دہلی میں ایمس کے بعد جودھ پور، بھونیشور، رشی کیش، پٹنہ، بھوپال، رائے پور اور رائے بریلی میں ایمس کھولے گئے ہیں۔ یہ ایمس 2014 میں نریندر مودی کی قیادت میں دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے سے پہلے بنائے گئے تھے۔ ایمس کے ساتھ ساتھ آئی آئی ایم، ڈی آر ڈی او، آئی آئی ٹی کی بنیاد بھی پنڈت جواہر لال نہرو نے رکھی تھی اور پورا ملک اس پر فخر کرتا ہے۔