ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں آج صبح سے ہورہی موسلا دھار بارش کی وجہ سے سڑک اور ٹریک پر کافی پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے لوکل ٹرین کی خدمات کو معطل کردیا گیا ہے۔
کثیر بارش کے باعث ممبئی کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔
ممبئی میں بارش، عام زندگی مفلوج ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شدید بارش کے بعد ہنگامی طور پر ایمرجنسی خدمات کے علاوہ تمام سرکاری و غیرسرکاری اداروں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمشنر ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ممبئی کی عوام سے درخواست کی ہے کہ لوگ گھروں میں ہی رہیں اور انتہائی ضروری ہو تو ہی گھروں سے باہر نکلیں۔
اسی ضمن میں ممبئی سے چارنی، لوور پپرل سے پربھادیوی، دادر سے ماتُنگا اور ماتنگا سے ماہم جانے والی شاہراہ میں پانی جمع ہونے سے انہیں بند کردیا گیا ہے، تاہم لوکل ٹرین کو چرچ گیٹ سے اندھیری، ویرار سے اندھیری سمیت طویل روٹ کی ٹرین خدمات کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔
موسلادھاربارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو بےحد دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ممبئی شہر و مضافاتی علاقوں میں بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک نظام میں خلل متاثر ہوا لیکن حالات قابو میں رہے۔