ملک کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں ممبئی کرائم برانچ اور انیٹی نارکوٹک سیل (انسداد منشیات دستہ) نے مشترکہ کارروائی میں ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو بیرون ممالک منشیات کی اسمگلنگ کے لیے بے روزگار نوجوانوں کا استعمال کرتا تھا۔
اس مشترکہ کارروائی میں غیر ملکی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ' یہ گینگ ملک کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹ پر سرگرم تھا۔ اس گینگ کا طریقۂ کار یہ تھا کہ پہلے وہ ایسے لوگوں کو تلاش کرتا جو بیرون ممالک خاص کر خلیجی ممالک میں ملازمت کے خواہش مند رہتے ہیں اور پھر اس گینگ کے اراکین ملازمت کے متمنی افراد کو بیرون ممالک میں ملازمت و رہائش کا جھانسہ دے کر ان کے ذریعے نشہ آور اشیا کا بیگ خلیج ممالک بھیجتے تھے'۔
بی جے پی رہنما کا گولی مار کر قتل، مشتعل لوگوں نے توڑ۔ پھوڑ کی
اس معاملے میں ممبئی اینٹی نارکوٹک سیل کے سربراہ شیودیپ لانڈے نے بتایا کہ اس گینگ کے اراکین ملک کے بین الاقوامی ایئرپورٹ جیسے ممبئی، حیدرآباد، بنگلور، کوچی، منگلور سے ایسے بیروزگار نوجوانوں کا انتخاب کرتے تھے جو خلیجی ممالک میں ملازمت کے خواہش مند رہتے ہوں۔
یہ گینگ انھیں ملازمت دلانے کے نام پر نہ صرف مفت ٹکٹ مہیا کرتا تھا بلکہ خلیجی ممالک میں ان کے لیے طعام و قیام کا بھی مفت انتطام کیا کرتے تھے، اس لالچ کی وجہ سے کوئی بھی بے روزگار نوجوان بہت جلد ان کے نرغے اور جھانسے میں آجاتا تھا اور نشہ آور اشیاء کا بیگ اپنے ساتھ بیرون ملک لے جانے کو تیار ہوجاتا تھا۔
شیودیپ لانڈے نے مزید بتایا کہ ' خلیجی ممالک میں اسی گینگ سے جڑے دوسرے اراکین وہاں اس نوجوان سے منشیات کا بیگ حاصل کر لیتے تھے اور انھیں وہیں چھوڑ جایا کرتے تھے'۔
منشیات سپلائی کرنے والے ایک بڑے گروہ کا انکشاف محکمہ کے انچارج شیودیپ لانڈے نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ' خلیجی ممالک میں اس گینگ کے شکار نوجوانوں کی ایک طویل فہرست ان کے پاس موجود ہے جو خلیجی ممالک کے مختلف ایئرپورٹز پر منشیات کے ساتھ گرفتار ہوئے ہیں'۔
ممبئی اینٹی نارکوٹک سیل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خلیجی ممالک میں ملازمت کا لالچ دینے والوں سے ہوشیار رہیں اور ایئرپورٹ پر کسی کا بھی سامان اپنے ساتھ بیرون ممالک لے جانے سے بچیں کیونکہ ہو سکتا ہے کہ آپ کو سامان دینے والا شخص اسی گینگ کا رکن ہو جو آپکو خلیجی ممالک کی سیر کرانے سے پہلے خلیج ممالک کی حوالات کی سیر کرا سکتا ہے۔
تاجر کا بہیمانہ قتل