مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی اور مضافات میں کورونا وائرس وبا کے سبب نافذ کیے گئے لاک ڈاون سے تمام تجارتی سرگرمیاں بند ہیں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور گزشتہ 45 دنوں سے بے روزگاری کے سبب اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنے آبائی وطن کے لیے بڑی تیزی کے ساتھ رواں دواں ہیں۔
ممبئی اور مضافات میں واقع فیکڑیوں اور ایم آئی ڈی سی میں کام کرنے والے بیرونی ریاستوں کے غیرمقیم مزدور گزشتہ دو دنوں سے کافی تیزی سے دن رات چوبیس گھنٹے ممبئی ناسک شاہراہ سے اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش ،راجستھان ،مغربی بنگال سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مالبردار ٹرک، مال بردار ٹیمپو، آٹو رکشا ،سائیکل اور موٹر سائیکل سے جارہے ہیں۔
شمالی ہند سمیت دیگر ریاستوں میں جانے والی خصوصی ٹرین میں جگہ نہ ملنے سے مزدوروں کا صبر کا باندھ ٹوٹ چکا ہے۔
اترپردیش سمیت دیگر ریاستوں کے مزدور مالبردار ٹرک کے ذریعے روانہ ہورہے ہیں اور وہ ان ٹرک مالکان کو منہ مانگا کرایہ ادا کرکے اپنے آبائی وطن جانے پر مجبور ہیں۔
اترپردیش کے آلہ آباد کے مزدوروں سے ٹرک مالکان نے تین ہزار روپے جبکہ گورکھپور، بستی، سنت کبیر نگر سمیت دیگر اضلاع کے مزدوروں سے 35 سو تا چار ہزار روپے کرایہ کررہے ہیں۔