اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت اب تک ایک بھی غریب کو گھر نہیں ملا ہے، جس کے خلاف مجلس اتحاد المسلمین نے اورنگ آباد اسمارٹ سٹی دفتر کے باہر عام خاص میدان میں ایک پروگرام منعقد کیا، جس میں شہریوں کو مٹی کے گھر تقسیم کیے گئے اور انہیں چابیاں بھی دی گئی۔ اس دوران مجلس کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے شہریوں کو پردھان منتری آواس یوجنا کے جھوٹے سپنے دیکھائے تھے اور کہا تھا کے ان کے خود کا گھر ہوگا لیکن اسکیم کی معیاد ختم ہو چکی ہے اور اورنگ آباد شہر کے شہریوں کو اب تک اس آواس یوجنا کے تحت گھر نہیں ملا ہے۔ یہاں تک کہ اورنگ آباد پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت اب تک زمین ہی فائنل نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مُلک کے غریب شہریوں کو ذاتی مکانات فراہم کرنے کیلئے وزیر اعظم آواس یوجنا شروع کی گئی تھی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اسکیم کی معرفت 31 مارچ 2022 تک ملک کے تمام غریب شہریوں کو ذاتی مکانات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن وزیر اعظم کا یہ اعلان پوری طرح کھوکھلا ثابت ہوا کیونکہ اورنگ آباد ضلع میں اس اسکیم پر عمل آوری کیلئے آج تک زمین کا انتخاب ہی نہیں ہو سکا ہے جبکہ مذکورہ اسکیم کی معیاد ختم ہو چکی ہے اور ملک کے دیگر شہروں میں اس اسکیم کے تحت گھر بھی تعمیر کر لیے گئے ہیں۔