مالیگاؤں:ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر ’’موٹیویشنل فیسٹ پروگرام‘‘ کا انعقاد منصورہ انجینئرنگ کالج اور اسپیڈ کوٹا (آئی آئی ٹی اینڈ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ) کے اشتراک سے ایشوریہ لانس، کیمپ میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں ملک کے مشہور موٹیویشنل اسپیکر سونو شرما نے طلبہ، اساتدہ اور والدین سے خصوصی خطاب کیا۔ سونو شرما کا تعلق شہر فرید آباد، ریاست ہریانہ سے ہے۔ انہوں نے کئی ممالک سمیت ملک بھر کی ڈیڑھ سو سے زائد کمپنیوں میں موٹیویشنل لیکچرس دیئے ہیں۔ موصوف گزشتہ دو دہائیوں سے کریئر گائیڈنس، کارپوریٹ ٹریننگ، نیٹ ورک مارکیٹنگ اور دیگر تعلیمی اور کاروباری پروگرامز میں بطور مقرر خصوصی مدعو کئے جاتے ہیں۔
شہر مالیگاؤں میں منعقد کئے گئے موٹیویشنل فیسٹ میں سونو شرما نے طلباء و طالبات، اساتذہ اور والدین سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے زندگی میں کامیاب ہونے کے مفید اصولوں کو بیان کیا: جن میں ڈسپلن، قوت ارادی، مستقل جدوجہد ، خود اعتمادی اور دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال شامل ہے۔ موصوف نے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات کی روشنی میں طلبہ کی تعلیمی اور کریئر کے تئیں رہنمائی کی۔ انہوں نے طلبہ اور والدین سے اپنے گھروں کے اندر موجود ٹی وی کو بندکر کرنے اور اور انٹرنیٹ پر فضول وقت گزاری سے پرہیز کی تلقین کی۔