مالیگاؤں: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں یکساں سول کوڈ کے خلاف مسلمانوں سے اپنی رائے لاء کمیشن آف انڈیا کو ای میل کرنے کی پر زور جدوجہد کی جارہی ہے اور اب تک لاکھوں مسلمانوں کی جانب سے یونیفارم سول کوڈ کے خلاف رائے پیش کی جاچکی ہے آخری دن ہونے اور رات بارہ بجے تک رائے بھیجنے کا وقت متعین کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ کل آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سیکرٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی سے مالیگاؤں شہر کے سرکردہ وفد بنام مسلم ریزرویشن فیڈریشن کے ذمہ داران نے آصف شیخ کی قیادت میں ملاقات کرتے ہوئے مسلم پرسنل لاء بورڈ کی حمایت میں یونیفارم سول کوڈ کے خلاف شہر بھر میں بیداری پیدا کرتے ہوئے عوام کے اعتراضات داخل کروانے کی گواہی دی تھی۔
جس کے چلتے بروز جمعہ کو مسلم ریزرویشن فیڈریشن کے صدر آصف شیخ رشید کی سرپرستی میں مالیگاؤں شہر کے مختلف 18 علاقوں سے صرف چار گھنٹوں کے دوران تقریبا پندرہ ہزار سے زائد اعتراضات داخل کروائے گئے ہیں۔ اس طرح کی اطلاع مسلم ریزرویشن فیڈریشن کے صدر و سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کی جانب سے موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت کے مطابق تمام مذاہب کو اپنے اپنے مذہب پر عمل پیرا ہونے کی پوری پوری آزادی ہے اور یونیفارم سول کوڈ اس ملک کی جمہوریت و شریعت اسلامی کے خلاف ہے اس لئے ہمیں یونیفارم سول کوڈ قطعی طور پر منظور نہیں ہے۔