پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے کمرے میں ہوئی اس میٹنگ کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کے دوران ہی اجیت پوار کے استعفی کی خبر ملی۔
اس کے بعد فیصلہ ہوا تھا کہ دیویندر فڑنویس بھی وزیر اعلی کے عہدہ سے استعفی دے دیں۔
نائب وزیر اعلی اجیت پوا ر اور دیویندر فڑنویس عہدہ سے استعفی دے چکے ہیں۔
پوار نے صبح ہی استعفی دے دیا تھا جبکہ فڑنویس نے سہ پہر راج بھون پہنچ کر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو اپنا استعفی سونپا۔
مہاراشٹر میں جمعہ کی رات بھر چلنے والے ڈرامے کے بعد سنیچر کو صبح تقریباً ساڑھے سات بجے اچانک دیویندر فڑنویس کو وزیر اعلی اور اجیت پوار کو نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف دلانے کے بعد ملک میں سیاسی ہنگامہ برپا ہوگیا تھا۔
مہاراشٹر کا سیاسی طوفان اس قدر بڑھ گیا تھا کہ اس کی گونج پارلیمنٹ تک پہنچ گئی اور پیر کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوان میں اپوزیشن کے غیر معمولی ہنگامہ کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کرنی پڑی تھی۔
سنیچر کی رات شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے مشترکہ طور پر سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر کے گزارش کی تھی کہ بی جے پی کو مہاراشٹر مین فوری طور پر اکثریت ثابت کرنے کے احکامات دیے جائیں جس کے بع سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے حق میں فیصلہ سنایا اور بی جے پی کو 27 نومبر کی شام تک اکثریت ثابت کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس سے قبل ہی دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار نے بالترتیب وزیراعلی اور نائب وزیراعلی کے عہدے سے استعفی دے کر سیاسی مطلع صاف کر دیا۔
سپریم کورٹ نے اس بحران کا قانونی حل پیش کرتے ہوئے خصوصی بینچ نے اپنے حکم میں کہا کہ کل(27 نومبر) پرو ٹیم اسپیکر کی تقرری کے بعد شام پانچ بجے ارکان اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا اس کے بعد ہی اکثریت ثابت کی جائے گی۔
سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد مرکز میں اپوزیشن جماعتوں نے مہاراشٹر کی سیاسی صورتحال کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں مظاہرہ کرنے کا فیصلہ واپس لےلیا اور دونوں ایوانوں کی کارروائی معمول کے مطابق چلنے لگی۔