ناسک: مہاراشٹر کے ناسک میں ایک شخص کو گاڑی میں گائے کا گوشت لے جانے کے شک میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت عفان عبدالمجید انصاری کے طور پر کی گئی ہے۔ وہیں اس معاملے میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس افسر کے مطابق ماب لانچنگ کی یہ واردات سنار گھوٹی ہائی وے پر پیش آئی ہے۔ پولیس کی ٹیم ملزمین کی گرفتاری کے لیے اطراف کے علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔اب تک دس لوگوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
واردات کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ سنار گھوٹی ہائی وے پر گمبھیرواڑی کے قریب 10 سے 15 نامعلوم افراد نے دو لوگوں کو زبردست مارا پیٹا۔ ناسک پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ناصر شیخ اور اس کا ایک ساتھی عفان شیخ اپنی سوئفٹ کار میں گوشت لے کر ممبئی کی سمت جارہے تھے۔ حملہ آوروں نے الزام لگایا کہ ملزمین گاڑی میں بھینس اور بیل کا گوشت لے جا رہے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گوشت قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ اسے جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجا جائے گا۔