ریاست مہاراشٹر کے دھولیہ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی فاروق شاہ نے اپنے حلقے میں روز بروز جرائم میں ہورہے اضافہ کے خلاف آج ریاست کے اسمبلی کی سیڑھی پر تنہا احتجاج کیا۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے فاروق شاہ نے کہا کہ میرے حلقہ اسمبلی میں گزشتہ چار مہینوں میں چوری کی 28 وارداتیں ہوچکی ہیں،اگر جانچ کی بات کی جائے تو مشکل سے دو معاملہ میں جانچ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات 10 بجے پولیس کی کاروائی کے خوف سے لوگ اپنے مکانوں میں چلے جاتے ہیں۔ اور اُسکے بعد چوروں کی چاندی شروع ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر دھولیہ کے ایس پی سے اُنہوں نے کئی بار بات چیت کی، لیکن خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا۔ جس کے بعد اُنہیں احتجاج کے لیے مجبور ہونا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ تیقین دلایا گیا ہے کہ آئی جی رینک کے افسر سے اس پورے معاملے کی جانچ کرائی جائیگی اور 15 دنوں کے اندر اسکی رپورٹ طلب کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ اگر 15 دنوں میں جانچ مکمل نہیں ہوگی تو یہ احتجاج پھر سے کیا جائیگا۔ مہاراشٹر کا دھولیہ علاقہ جہاں 20 لاکھ سے زائد آبادی ہے۔ علاقے میں مسلمانوں کی خاصی تعداد ہے۔ مراٹھی مسلمانوں کی اکثریت والے اس ضلع میں مجلس اتحادالمسلمین کے رکن اسمبلی فاروق شاہ کومنتخب کیا گیا ہے۔