ممبئی:مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے گروپ کے رکن اسمبلی عبدالستار مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ ان کی دونوں بیٹیوں کے ٹی ای ٹی سرٹیفکیٹ کی منسوخی کی خبریں آرہی ہیں۔ ٹی ای ٹی گھوٹالے میں امیدواروں کو پیسے لے کر کامیابی کا سرٹیفکیٹ دینے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد بڑے پیمانے پر تفتیش جاری ہے اور کاماجی شِکشن پریشد کے صدر تُکارام ٹوپے کو مہاراشٹر اسٹیٹ ٹیچر اہلیت ٹیسٹ میں پیسے لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ Certificate of MLA's Daughters Canceled in TET Scam
مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل کی جانب سے کرائے گئے ٹیچر اہلیتی امتحان میں بدعنوانی کا معاملہ براہ راست اب سِلوڑ تک پہنچ گیا ہے۔ امتحانی بورڈ کی طرف سے جاری کردہ فہرست میں تمام نااہل لوگوں نے کوالیفائی ہونے کے لیے رقم ادا کی تھی لیکن نااہل امیدواروں کو اہلیت کا سرٹیفکیٹ نہیں ملا۔ اس معاملے میں سابق وزیر مملکت اور موجودہ ایم ایل اے عبدالستار کی دونوں بیٹیوں حنا اور عظمیٰ کے ٹی ای ٹی سرٹیفکیٹ منسوخ ہوگئے ہیں۔ ان دونوں کے نام سائبر پولیس اور ایگزامینیشن کونسل کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں شامل ہیں۔ تاہم ابھی یہ بات سامنے نہیں آئی ہے کہ آیا عظمیٰ اور حنا نے اہلیت سرٹیفکٹ کے لیے کس ایجنٹ کو رقم ادا کی تھی۔
اس فہرست میں ضلع اورنگ آباد کے کچھ امیدوار شامل ہیں اور فہرست کے اعلان کے بعد بدعنوانی میں ملوث امیدواروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ اس ٹی ای ٹی گھوٹالے میں سلوڑ کے ایم ایل اے عبدالستار کی دو بیٹیاں حنا کوثر عبدالستار شیخ اور عظمیٰ ناہید عبدالستار شیخ بھی شامل ہیں۔