مالیگاؤں: ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فوج بھرتی کے لیے سماجی تنظیم 'مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ' کی جانب سے سرگرمیاں شروع دن سے جاری ہیں۔ گزشتہ دو ماہ سے اگنی پتھ اسکیم کے تحت عزیز کلو اسٹیڈیم میں سبکدوش فوجی یونس خان کی زیر نگرانی اقلیتی طبقے کے نوجوان کو مفت میں فزیکل ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ اس ٹریننگ میں تقریباً 80 نوجوان شامل ہیں اور 3 سو سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔
اس تعلق سے سبکدوش فوجی یونس خان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ان کا بنیادی مقصد اگنی پتھ اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ اقلیتی طبقے کے نوجوانوں کو فوج میں شامل کروانا ہے۔ ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے یہ لازمی ہوگیا ہے کہ ہر گھر سے ایک فرد فوج کا حصہ بنے، جس سے ملک کی خدمت بھی ہوگی اور بے روزگاری میں کمی بھی آئے گی۔ اس موقع پر موجود ایم ڈی ایف کے رکن پروفیسر حبیب الرحمن نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے اگنی پتھ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو مفت فزیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کی جانب سے انڈین آرمی، نیوی اور ایئر فورس میں بھرتی کیلئے آن لائن رجسٹریشن بھی مفت کیا جارہا ہے نیز طلباء کو درکار لازمی دستاویزات بنانے کیلئے بھی مدد کی جارہی ہے۔
انہوں نے سرپرستوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے انہیں مقررہ وقت پر اسکول اور مدارس بھیجتے ہیں، اسی طرح انہیں اس ٹریننگ سینٹر پر بھی روانہ کریں۔