ایم آئی ایم نے 'گڑھا بھرو تحریک شروع کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ اگر تین دنوں کے اندر گڑھوں کو بھرنے کا آغاز نہیں کیا گیا تو وہ سڑک پر اتر کر زبردست احتجاج کرنے کے ساتھ ہی کارپوریشن کا گھیراؤ بھی کریں گے۔
شہریوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین نے پیر کو دوپہر شیتل دیوی مندر لکڑا بازار نئی بستی سے گڑھا بھروتحریک شروع کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن پر قابض کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
بھیونڈی میں ایم آئی ایم کا گڑھا بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان ایم آئی ایم کے مقامی صدر شاداب عثمانی نے کہ کہا کہ خستہ حال سڑکوں نے شہریوں کی کمر توڑکر رکھ دی ہے یہی وجہ ہے کہ شہر کا ہر چوتھا آدمی کمر درد کا شکار ہے۔
کچھ روز کے بعد گنیش اتسو بھی ہے۔ گڑھوں کی وجہ سے گنیش بھکتوں کو مورتی لانے میں شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔گڑھوں کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ بھی رونما ہوسکتا ہے۔
شاداب عثمانی نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سے کانگریس کارپوریشن کے اقتدار پر قابض ہوئی ہے اس نے عام دنوں کی طرح گنیش اتسو کے موقع پر بھی سڑکوں کی مرمت نہیں کی۔
ایڈوکیٹ امول کامبلے نے کہا کہ اگر کارپوریشن نے 22 اگست تک سڑکوں کی مرمت کا آغاز نہیں کیا تو وہ 23 اگست سے احتجاج کرنے کے ساتھ ہی کارپوریشن کا گھیراؤ بھی کریں گے۔