ممبئی: مہاراشٹر کے دار الحکومت ممبئی میں ہونے والی میٹنگ میں ساری سیاسی اپوزیشن پارٹیاں شامل ہونگی لیکن اب تک مجلس اتحاد المسلمین کو لیکر کسی بھی طرح کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے حالانکہ اپوزیشن نے بھی اب تک اس میں مجلس کی جانب سے کسی کو شامل کرنے یا شامل ہونے کوئی بات نہیں بتائی۔ جبکہ ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے صدر فیاض احمد خان نے کہا کہ ہمیں اب تک اس بارے میں کوئی دعوت نامہ یا جانکاری نہیں دی گئی کہ یہ میٹنگ کب اور کہاں ہوگی اور اس میں شامل ہونا ہے یہ بات بھی نہیں بتائی گئی ہے۔
خان نے کہا کہ اگر ہمیں بلایا جائے گا تو ہم ضرور جائیں گے لیکن اب تک ایسی کوئی صورت حال نظر نہیں آرہی ہے کہ ہمیں وہاں بلایا جائے گا لیکن مدعو کیا جائیگا تو ہم ساری اپوزیشن جماعت کے ساتھ اس میں شامل ہوکر برسر اقتدار حکومت کے خلاف اٹھائے جانے والے قدم میں شامل رہیں گے۔ آپ کو بتا دیں کہ مہاراشٹر اسمبلی میں دو اراکین اسمبلی منتخب ہو کر آئے ہیں جن میں دھولیہ سے فاروق شاہ اور مالیگاؤں سے مفتی اسماعیل قاسمی ہیں۔ ممبئی میں اپوزیشن اتحاد کا یہ اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں ہونا تھا لیکن کچھ لیڈروں نے اپنے مصروف شیڈول کا حوالہ دیتے ہوئے موجود ہونے سے انکار کیا جس کے بعد اپوزیشن اتحاد کی اگلی میٹنگ 31 اگست اور یکم ستمبر کو ممبئی میں ہوگی۔ یہ میٹنگ پوائی علاقے کے ایک ہوٹل میں ہونی ہے۔