مہاراشٹر میں جاری سیاسی ہنگامہ آرائی اور اتھل پتھل کے درمیان وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے سرکاری رہائش گاہ ورشا بنگلہ کو خالی کر دیا ہے جس کے بعد سے تجسس مزید بڑھ گیا ہے کہ کیا ادھو ٹھاکرے وزیراعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دیں گے۔ اس درمیان ایم آئی ایم کے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل قاسمی نے کہا کہ برسرقتدار حکومت کے ساتھ ایسا ہونا تعجب کی بات نہیں ہے کیوں کہ موجودہ ریاستی حکومت کاموں کے تعلق سے سنجیدہ نہیں ہے۔ Current Political Situation of Maharashtra
Politiocs Crisis in Maharashtra: مہاراشٹر کی سیاسی صورتحال پر کیا کہتے ہیں مجلس کے رکن اسمبلی - مہاوکاس اگھاڑی کے ممبران میں ناراضگی
مہاراشٹر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مالیگاؤں شہر سے مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ شیوسینا کے سینیئر رہنما اور متعدد ایم ایل ایز کے اس طرح سے بغاوت کرنے سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ برسراقتدار حکومت گروپ کے اراکین اسمبلی اپنی حکومت کے کاموں سے مطمئن نہیں ہیں۔ MIM MLA Statement on Current Political Situation in Maharashtra
مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے مزید کہا کہ یہ جو صورتحال ہے اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی کے ممبران میں ناراضگی ہے اور اس ناراضگی کو لیکر انہوں نے ایم ایل سی الیکشن میں کراس ووٹنگ کرکے اپنا پیغام پارٹی کے ذمہ داران اور حکومت تک پہنچا دیا ہے۔ مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے اس بات روشنی ڈالی کہ ڈھائی سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمیں کوئی خاطر خواہ فنڈ نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قانون ساز کونسل کے اراکین کے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد شیوسینا میں بغاوت پھوٹ پڑی اور شیوسینا کے سینیئر رہنما اور ریاستی وزیر برائے ترقیات ایکناتھ شندے 30 سے زائد اراکین اسمبلی کے ساتھ اچانک غائب ہوگئے اور رابطہ سے باہر ہوگئے کچھ وقت کے بعد معلوم ہوا کہ یہ اراکین اسمبلی سورت (گجرات) کے ہوٹل میں خمیہ زن ہیں پھر اس کے بعد وہ تمام آسام کے شہر گوہاٹی میں شفٹ ہوگئے۔ ان رہنماؤں کے اچانک غائب ہوجانے سے تین پارٹیوں (شیوسینا، کانگریس اور این سی پی) کے اتحاد سے بنی مہاوکاس اگھاڑی حکومت گرنے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔