ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں ہر برس ماہ محرم الحرام پر نکلنے والے جلوس کو پورے بھارت میں ایک الگ مقام حاصل ہے۔ محرم کے پیش نظر آج مقامی پولیس انتظامیہ اور دیگر محکموں کے ساتھ مشترکہ تنظیموں کی میٹنگ پولیس کنٹرول روم میں منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر محرم کے پیش نظر تعزیہ کمیٹی کے ذمہ داران نے شہر میں نظم و نسق اور ٹریفک سہولیات سمیت دیگر کئی اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ تعزیہ کمیٹی کے اراکین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ کارپوریشن تعزیہ لے جانے کے لیے اچھی اور سہولیات سے لیس گاڑیوں کا نظم کرے۔
اس ضمن میں کارپوریشن نے رواں برس 30 گاڑیوں کا نظم کرنے کا تیقن دیا ہے، اس کے علاوہ شہر میں نظم ونسق اور دیگر سہولیات فراہم کئے جانے کا بھی یقین دلایا گیا ہے۔