رائے گڑھ: ریاست مہاراشٹر کے رائے گڑھ کے کھپولی علاقے میں مسافروں سے بھری بس ہفتے کے روز ایک گہری کھائی میں گر گئی۔ اس درد ناک حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ تقریباً 25 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ فی الحال راحت رسانی کا کام جاری ہے۔ یاد رہے کہ اس حادثے کی اطلاع رائے گڑھ کے ایس پی نے دی ہے۔
اس حادثے سے متعلق پولیس نے کہا کہ ایک پرائیوٹ بس پونے سے ممبئی جارہی تھی اس دوران وہ پرانے ممبئی پونے ہائی وے پر شنگروبا مندر کے قریب ایک کھائی میں گر گئی۔ پولیس نے کہا کہ پرائیوٹ بس میں تقریبا 40 مسافر سوار تھے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں مہاراشٹر کے رائے گڑھ کے ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا۔ یہاں ایک ٹرک اور کار کے مابین زور دار ٹکر ہوگئی اس حادثے میں نو افراد کی موت ہوگئی تھی۔ پولیس نے بتایا تھا کہ یہ حادثہ ممبئی سے 130 میٹر دور رائے گڑھ کے ریپولی گاؤں میں صبح پونے پانچ پیش آیا۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد رشتہ دار تھے اور یہ لوگ رتناگری کے گوہاگر جارہے تھے، تبھی سامنے سے آرہی ٹرک کے ساتھ ٹکر ہوگئی۔ مہلوکین میں ایک چھوٹی بچی، تین خواتین اور پانچ مرد شامل تھے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور ایک زخمی چار سالہ بچی کو منگاؤں کے ہسپتال میں داخل کرایا تھا اور تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:Ambedkar Jayanti Procession امبیڈکر جینتی جلوس کے دوران کرنٹ لگنے سے دو افراد کی موت