ریاست مہارشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں میونسپل کارپوریشن کی عمارت ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد بھون کے نام سے منسوب ہے لیکن اتنے عظیم رہنما کے نام سے منسوب ہونے کے باوجود یہ عمارت بدعنوانیوں کا شکار ہے۔
سماجی کارکن رضوان بیٹری والا اس ضمن میں مالیگاؤں شہر کے معروف سماجی کارکن رضوان بیٹری والا نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 'مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی پرانی عمارت چھوڑ کر نئی عمارت مولانا ابوالکلام آزاد بھون اس سوچ کے ساتھ بنائی گئی کہ مولانا ابوالکلام آزاد کا جو مشن تھا اس مشن کے تحت آگے بڑھایا جا سکے اور شہر کو بدعنوانیوں سے پاک رکھا جاسکے لیکن یہاں ہر قسم کی بدعنوانیاں ہو رہی ہیں۔
رضوان بیٹری والا نے کہا کہ 'آج بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کے نام سے منسوب کارپوریشن عمارت میں بیٹھ کر بدعنوانیاں کی جارہی ہیں اور مالیگاؤں شہر کی عوام کو لوٹا جا رہا ہے اور شہر مسائل کا شہر بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'آج مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش پر یہ بات افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اتنی عظیم ہستی کے نام سے منسوب عمارت میں بیٹھنے والے حکمراں مسائل کو ختم کرنے کی بجائے اپنی روٹیاں سینک رہے ہیں جبکہ اس شہر میں تعلیم سے لے کر روزگار تک، بنیادی سہولیات سے لے کر تفریحی مقامات تک حتیٰ کہ ہر شعبہ میں مسائل ہی مسائل نظر آئیں گے اس کے علاوہ یہ شہر گندگیوں کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔