بھارت کے پہلے وزیر تعلیم اور بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کی مناسبت سے جمعرات کے روز ملک بھر میں قومی یوم تعلیم منایا گیا ہے۔ وہیں کئی جگہ مولانا آزاد کی حیات و خدمات کے ضمن میں مختلف پروگرامز، سیمینارز، تحریری و تقریری مقابلہ جات اور دیگر سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔
مالیگاؤں میئرنے مولانا ابوالکلام آزاد کو خراج عقیدت پیش کیا مجاہد آزادی مولانا آزاد کو گزرے ہوئے ساتھ دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔اور اس کے بعد سے ہر آتی جاتی حکومتیں ان کی یاد میں کچھ نہ کچھ تعلیمی یا تعمیراتی کام کا افتتاح کرتی رہی ہیں لیکن بعد میں یہ کام پھیکے پڑتے نظر آئے ۔حالانکہ ملک کی ایک یونیورسٹی کو مولانا آزاد کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ لیکن آج بھی ملک و قوم کو بڑے پیمانے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں 11 نومبر سنہ 2013 کو مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی نئی عمارت کو مولانا آزاد کے نام سے منسوب کیا گیا اور اس کا نام مولانا ابوالکلام آزاد بھون رکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا ابوالکلام آزاد کا ایک مداح جسکے پاس الہلال کے 50 سے زیادہ شمارے موجود
اس تعلق سے موجودہ میئر طاہرہ شیخ نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کارپوریشن کی پانچ منزلہ عمارت پر بڑے بڑے الفاظ میں مولانا کا نام اردو میں تحریر کیا گیا ہے۔ اس وقت یہ عمارت زیر تعمیر تھی اور عمارت کی افتتاحی تقریب میں مولانا آزاد کے پوتے فیروز بخت احمد بھی شامل ہوئے تھے۔
طاہرہ شیخ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ریاست کی سرکاری زبان مراٹھی ہونے کے باوجود کارپوریشن کی اس عمارت کا نام اردو زبان میں تحریر کروانا مالیگاؤں شہر کی عوام کا دیرینہ مطالبہ رہا۔ اور اس کام کی تکمیل ان کی موجودگی و بروقت نمائندگی کے سبب ہی ممکن ہوسکا۔
انہوں نے دوران گفتگو بتایا کہ کارپوریشن کی پرانی عمارت کے عقب میں نئی پانچ منزلہ عمارت واقع ہے اور ساتھ ہی یہ عمارت پوری طرح جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ ملک و قوم کے لیے کی گئی مولانا آزاد کی خدمات سے ہر ایک کو روشناس کرانے کی اور علم کی شمع کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔