جنتا نیوروتی ویتن تنظیم کے تحت شہر کے بزرگوں و بیواؤں کو وظیفہ دلانے کے لیے جنتا دل سیکولر کے سابق رہنما مرحوم ساتھی نہال احمد ہمیشہ سرگرم رہے- جس کی وجہ سے 65 برس سے زائد عمر کے افراد اور بیواؤں کو کافی سہولیات مہیا ہوتی تھیں۔
مالیگاؤں: بیواؤں اور بزرگوں کے حقوق کے لیے جنتا دل سیکولر نے اٹھائی آواز - مالیگاوں ای ٹی وی بھارت خبر
ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کی سیاسی جماعت جنتا دل سیکولر نے انتباہ دیا ہے کہ اگر پیر تک بیواؤں اور بزرگوں کا وظیفہ ادا نہیں کیا گیا تو پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں تحصیلدار دفتر کا گھیراؤ کریں گے-
موجودہ دور میں جنتا دل سیکولر کے کار گزار صدر شان ہند نہال احمد بیواؤں اور بزرگوں کو وظیفہ دلانے کے لیے سرگرم ہیں- اسی مناسبت سے جمعرات کے روز اپوزیشن رہنما شان ہند کی دستخط سے تین عناوین پر مشتمل ایک خط پارٹی کے جنرل سیکرٹری مستقیم ڈگنیٹی کے معرفت مقامی تحصیلدار کے سپرد کیا گیا ہے- اور اس خط کی ایک کاپی ریاستی وزیر دھننجئے منڈے و ضلع کلکٹر کو روانہ کی گئ ہے-
اس خط میں پہلا مطالبہ یہ کیا گیا ہے کہ مالیگاوں شہر میں ماہ اکتوبر 2020 سے شرامنڈ بار یوجنا کے سرگرمیوں کو انجام دینے والی کمیٹی جس کے تحت تحصیلدار، اکاؤنٹنٹ و ملازم آتے ہیں ان تمام کی اسامیاں خالی ہیں اور اب انھیں فوری طور سے پر کیا جائے- چونکہ کمیٹی میں آسامیاں خالی ہونے سے بزرگوں و بیواؤں کو وظیفہ سے متعلق امور کو انجام دلانے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اگر خالی اسامیوں پر تقرری جلد ہوجائے گی تو اس سے بزرگوں و بیواؤں کو کافی آسانی ہوگی-
کار گزار صدر شان ہند نے دوسرا مطالبہ یہ کیا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے 65 سالہ بیوہ اور معذور لوگوں کی تقریباً 1500 عرضیاں رکی ہوئی ہیں اور اب ان عرضیوں کی جانچ کا مرحلہ پورا کرتے ہوئے جلد از جلد منظوری دی جائے کیونکہ ان عرضیوں کو منظور کروانے کے لیے 65 سال سے زائد عمر کے مرد و خواتین، بیوہ اور معذور افراد تحصیلدار دفتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں- لہٰذا اگر ان 1500 عرضیوں میں سے کسی ایک بھی عرضی میں ضروری کاغذات کی کمی ہوتو فوری طور پر عرضی گزار سے رابطہ کرتے ہوئے کاغذی کارروائی مکمل کی جائے اور ان عرضیوں کو منظوری دی جائے -
تیسرا اور سب سے اہم مطالبہ یہ کیا گیا ہے کہ ماہ ستمبر 2020 سے ابھی تک 65 سالہ افراد، بیواؤں اور معذوروں کو وظیفہ نہیں ملا ہے-
مقامی تحصیلدار سے پارٹی کے جنرل سیکریٹری مستقیم ڈگنیٹی نے ان تینوں مطالبات کے ساتھ ساتھ یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ 15 فروری بروز پیر دوپہر 12 بجے تک وہ ضرورت مند افراد (جن کا وظیفہ ماہ ستمبر سے رکا ہوا ہے) کا وظیفہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں نہیں ڈالا گیا تو جنتال دل سیکولر تحصیلدار دفتر کا گھیراؤ کرے گی-