آج ملک بھر میں ایک اندازے کے مطابق کئی کروڑ افراد منشیات اور نشیلی اشیاء کا استعمال بڑے پیمانے پر کر رہے ہیں جبکہ اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ خاص طور پر شہر مالیگاؤں میں مسلم طبقہ میں نشیلی اشیاء کے استعمال کا رجحان بڑھتا ہی جا رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔ اس سلسلے میں عائشہ نگر، دیانہ و دیگر اطراف کے محلے کی سرکردہ خواتین نے مل کر گزشتہ روز مقامی پولیس انتظامیہ کی ڈی وائے ایس پی لتا دونڈے کو ایک شکایتی مکتوب دیا۔
جس میں انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عائشہ نگر، رمضان پورہ اور دیانہ علاقوں میں نشیلی اشیاء کی کھلے عام خرید و فروخت کی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے محلے کے بالغ و نابالغ نوجوان اس کی لت کا شکار ہو رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے نشے میں دھت نوجوانوں کے ذریعے لوٹ مار، غنڈہ گردی، مار پیٹ، چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس وفد میں موجود ایک خاتون نے ان شر پسندوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج مقدمات کی تفصیل بتائی۔
مزید پڑھیں:جے پور: نشہ خوروں کے خلاف پولیس کی مہم، سو سے زیادہ نشہ خور گرفتار