ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والی پاورلوم صنعت کی بقا اور کساد بازاری سے نمٹنے کے لیے برسوں سے نت نئی حکمت عملی اپنائی جاتی رہی ہے لیکن اس بار سب کچھ بے سود نظر آرہا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ بنکر سوت (یارن) انتہائی مہنگے داموں پر مل رہا ہے جبکہ ان کا تیار کردہ کپڑا انتہائی سستے داموں میں فروخت ہورہا ہے۔
اس تعلق سے مالیگاؤں شہر میں بہوجن سماج پارٹی کے صدر ظہور زم زم نے ایک مکتوب روانہ کرکے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 'بھیونڈی، مالیگاؤں سمیت دیگر علاقوں کے پاورلوم صنعت کاروں و بنکروں کو ایک خصوصی پیکیج فراہم کرکے انہیں مالی تعاون فراہم کیا جائے-'
ظہور زم زم نے بتایا کہ 'موجودہ صورتحال میں بنکر و مزدور سبھی پریشان ہیں اگر حکومت اس مطالبے پر عمل پیرا ہوتی ہے تو صنعت کاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے مزدوروں کو ایک راشن کٹ اور کچھ پیسہ بطور تعاون فراہم کرے۔'