شمالی مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں ہوئے خوفناک بم دھماکوں کی ملزمہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر آج ممبئی کی اے این آئی کورٹ میں پیش ہوئیں جہاں سماعت آئندہ روز تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
'عدالت جب بھی مجھے طلب کرےگی میں حاضر رہوں گی' وہیں ملزمہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ میں ابھی بھی کانگریس کے دئے ہوئے درد سے نہیں ابھر پائی ہوں۔ میں انصاف کی حقدار ہوں۔
پرگیہ نے کہا کہ 'سماعت کل کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔ میری طبیعت خراب ہے لیکن جب بھی عدالت مجھے طلب کرےگی میں حاضر رہوں گی۔'
حالانکہ اس سے قبل سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر دو بار کووڈ 19 کا حوالہ دے کر پیشی کے لیے حاضر نہیں ہوئی تھیں۔ اس تعلق سے کورٹ میں انھوں نے یہ وضاحت دی کہ وہ ایمس میں زیر علاج تھیں اس تعلق سے وہ عدالت میں پیش ہونے سے قاصر رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بے نامی جائیداد کیس میں رابرٹ واڈرا سے پوچھ گچھ
واضح رہے کہ 29 ستمبر سنہ 2008 کو مالیگاؤں کے قلبی علاقے بھکو چوک میں خوفناک بم دھماکہ ہوا تھا جس میں معصوم بچی سمیت چھ افراد ہلاک اور تقریباً 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔