مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں گزشتہ جمعہ بند کے دوران رونما ہونے والے تشدد کے بعد پولیس کی جانب سے بے قصوروں کو گرفتار کیے جانے اور انہیں ہراساں کیے جانے پر روک لگانے کی گزارش کی گئی ہے۔
کل جماعتی تنظیم نے بے قصور افراد کو رہا کرنے کی اپیل کی اس ضمن میں کل جماعتی وفد(All-party delegation) کے ذمہ داران نے ایڈیشنل ایس پی سے ملاقات کی۔ ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی سے ملاقات کے دوران کل جماعتی تنظیم کے صدر مولانا عبدالحمید ازہری بھی موجود تھے۔
اس تعلق سے مولانا عبدالحمید ازہری نے بتایا کہ کچھ اوباش نوجوانوں کی نادانی کی وجہ سے مالیگاؤں بند کے دوران جو صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس حادثے میں کچھ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جس کے بعد پولیس کی جانب سے گرفتاری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:Malegaon Violence: مالیگاؤں تشدد میں گرفتار لوگوں کی رہائی کی کوششیں جاری
انہوں نے کہا کہ اس حادثے کے بعد پولیس نے گرفتاریاں کیں اور سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کیے۔
عبدالحمید ازہری نے کہا کہ کل جماعتی تنظیم کا پولیس انتظامیہ سے یہی مطالبہ ہیکہ اس معاملے میں اب گرفتاریوں کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہونا چاہیے۔ اور جو لوگ گرفتار ہوئے ہیں ان میں جو بے قصور ہے انہیں فوراً رہا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری ملک بھارت کے تریپورہ میں مسلمانوں پر ہورہے ظلم اور پیغمبر اسلام محمدﷺ کی شان میں گستاخی ہورہی ہے۔اور اس کے خلاف مظاہرہ کرنا اس کی مذمت کرنا یہ عوام کا جمہوری حق ہے۔ اسے دبایا نہیں جاسکتا۔
مولانا نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اگر کچھ لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا تو کوئی جرم نہیں کیا۔ پولیس نے جو سنگین دفعات کا اندراج کیا ہے وہ غیر مناسب ہے۔ بلکہ کل جماعتی تنظیم کے مطالبات کو سننے کے بعد ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔