مالیگاؤں کے ہزار کھولی میں مقیم ایک بنگلہ دیشی شہری عالمی امین انصاری کو جعلی دستاویزات کے ساتھ عائشہ نگر پولیس نے پوارواڑی علاقے سے گرفتار کیا ہے۔پولیس نے اس کے قصبے سے مختلف جعلی دستاویزات جن میں پاسپورٹ، راشن کارڈز، آدھار کارڈز اور جنم داخلہ (برتھ سرٹیفیکیٹ) بھی ضبط کیا ہے اور ان دستاویزات کو تیار کرنے میں عالمی امین کی مدد کرنے والے چھ مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس چندرکانت کھنڈوی اور انسپکٹر پولیس ٹھمبکر نے ایک اخبارنویسوں کو بتایا کہ پولس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک بنگلہ دیشی غیر قانونی طریقے سے ہزارکھولی میں رہائش پذیر ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر عالم انصاری کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی ہے۔
پوچھ گچھ میں عالم انصاری نے بتایا کہ ہزار کھولی میں رہنے والے ایک شخص اشفاق شیخ مناف قریشی نے شہر میں مکان حاصل کرنے میں اس کی مدد کی تھی۔اسی نے اس کا راشن کارڈ اور آدھار کارڈ تیار کیا تھا۔اس کے بعد قاسمی آل ان ون کے مالک اخلاق احمد محمد مصطفی، عمران شیخ رشید، اقبال خان، للت مراٹھے اور ذاکر علی عبد المجید خان نے جنم داخلہ، پاسپورٹ اور مختلف جعلی دستاویزات تیار کنے میں اس کی مدد کی تھی ۔