مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں بند کے دوران جو تشدد برپا ہوا اس معاملے میں مقامی پولیس نے رضا اکیڈمی اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران کے ساتھ ساتھ شہر کی کچھ اہم شخصیات پر بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ جس کے بعد سے پولیس کارروائی میں مسلسل مصروف نظر آرہی ہے اور گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔
اس تعلق سے ضلع ایس پی سچن پاٹل نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ بند کے دوران تشدد معاملے میں اب تک پانچ سے زائد مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ دو مقدمات عائشہ نگر پولیس اسٹیشن اور تین مقدمات سٹی پولیس اسٹیشن کے علاوہ قلعہ پولیس اسٹیشن اور آزاد نگر پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے ہیں۔ اس معاملے میں اب تک 52 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق خاطیوں پر پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں بند کا اعلان کرنے والے (آرگنائزر) مختلف تنظیموں کے زمہ داران فرار بتائے جارہے ہیں۔ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے رضا اکیڈمی و دیگر تنظیموں کے زمہ داران کی گرفتاری جلد ہی عمل میں آئے گی۔ اس تناظر میں سچن پاٹل نے کہا کہ ثبوت حاصل کرنے کے سلسلے میں پولیس نے رضا اکیڈمی کے دفتر کی تلاشی لی ہے۔ اور وہاں سے برآمد ہونے والے تمام ثبوتوں کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمد ہونے والے تمام ثبوتوں کے مدنظر ہی پولیس کی کارروائی جاری ہے۔