اردو

urdu

ETV Bharat / state

ممبرا: اُردو کتابی میلے کی تیاریاں مکمل - مولانا ابوالکلام آزاد اسپورٹس اسٹیڈیم

مہاراشٹر کے شہر ممبرا میں یکم جنوری کو مولانا ابوالکلام آزاد اسپورٹس اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے پانچ روزہ ممبرا اردو کتابی و ادبی میلے کے لیے تقریباً تمام تہاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اُردو کتابی میلے کی تیاریاں مکمل
اُردو کتابی میلے کی تیاریاں مکمل

By

Published : Jan 1, 2020, 5:08 AM IST

اردو کتابی میلے میں ملک کے 82 ناشرین شریک ہوں گے، یکم جنوری صبح آٹھ بجے طلباء کے کاروانِ اردو جلوس کے ساتھ میلے کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا، طلبا کی ریلی ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب ایم گیٹ سے شروع ہو کر شملہ پارک علاقے میں واقع مولانا ابوالکلام آزاد اسپورٹس اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوگی۔

اردو کتابی میلہ، ویڈیو

اس سلسلے میں کتاب میلے کے کوآرڈنیٹر زاہد علی سید نے بتایا کہ 'یکم جنوری کو رکن اسمبلی ڈاکٹر جتیندر اوہاڑکی صدارت میں افتتاحی جلسہ ہوگا جبکہ میلے کا افتتاح تھانے کے میئر نریش مہسکے کے ہاتھوں سے عمل میں آئے گا۔

اس تقریب میں انجمن اسلام (ممبئی) کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی، رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی، قیصر خالد (آئی جی مہاراشٹر پولیس)، حج کمیٹی کے سی ای او ڈاکٹر مقصود خان، علی ایم شمسی، احمد مکلائی ،عرفان بھیونڈی والا، اسلم فقیہ کے علاوہ شہر کی سیاسی، تعلیمی، ادبی و سماجی شخصیات کثیر تعداد میں شرکت کریں گی۔

منتظمین کے مطابق موجودہ حالات کے پیشِ نظر میلے کے ثقافتی پروگراموں میں سے کل ہند مشاعرہ، شام غزل اور ڈرامہ جیسے تفریحی حصوں کو منسوخ کرکے خالص تعلیمی، تربیتی اور اسکولی طلبہ کے پروگرام ہی کیے جارہے ہیں، بچوں کے مابین تمثیلی مشاعرہ، تقریری مقابلہ، مونو ایکٹنگ مقابلہ اور خطاطی و تھیم پینٹنگ مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ اردو ذریعۂ تعلیم اور جدید تدریسی تکنیک، ممبرا کی ادبی کہکشاں، اردو کا مذہبی ادب جیسے عناوین پر مذاکرے اور یو پی ایس سی امتحانات کی تیاری کے نام سے عوامی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

جبکہ کتابی میلے کے لیے ایک شام صرف خواتین کے لیے مختص کی گئی ہے، شامِ خواتین کے نام سے منسوب اس پروگرام میں صرف مستورات ہی کا داخلہ ہوگا۔

پانچ جنوری کی شام اختتامی تقاریب کا انعقاد ہوگا اور اسی دن تقسیم انعامات کے ساتھ اس میں اردو کے تعلق سے ایک ویژن ڈاکیومنٹ پیش کیا جائے گا جس میں وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شردپوار کی آمد متوقع ہے۔

میلے کا اختتام الاؤ نامی پروگرام سے ہوگا، اس منفرد نشست میں مشہور فلم و نغمہ نگار جاوید اختر سامعین سے روبرو ہوں گے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details