مہاراشٹر میں کورونا وبا کی وجہ سے حکومت نے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد بورڈ نے متبادل طریقہ کار کے ذریعے نتائج کا اعلان کیا تھا۔ جو طلبہ اس میں پاس نہیں ہوسکے ان کے لیے سپلیمنٹری امتحانات کا ستمبر اور اکتوبر میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔
ریاستی ثانوی تعلیمی بورڈ نے بھی اس سلسلے میں تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں مہاراشٹر کے اسکول ایجوکیشن کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے دسویں اور بارہویں جماعت کے سپلیمنٹری امتحانات کی تاریخ کے حوالے سے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ کی طرف سے جاری تاریخوں کے مطابق دسویں کے امتحانات بدھ 22 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔ وہ طلباء جنہوں نے دسویں جماعت کے سپلیمنٹری امتحانات کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ وہ اپنے اسکول سے رابطہ کر کے اس سلسلے میں ضروری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔