مہاراشٹر کی نوجوان قیادت میں ریاستی وزیر اور شیوسینا کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے اور این سی پی کے سربراہ شردپوار کی صاحبزادی سپریا سُلے کا نام سرفہرست ہے جو عوامی رہنما بن چکے ہیں۔
سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ اگر انتخابی سیاست کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلے گا کہ حالیہ دنوں میں کئی نئے اور نوجوان چہرے سیاست کے میدان میں سرگرم نظر آرہے ہیں۔ ان میں خواتین بھی پیش پیش ہیں۔
ان میں نیشلسٹ کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمان سپریا سُلے کا نام قابل ذکر ہے۔ حالیہ دنوں میں لوک سبھا کے ایوان میں اپنی تقریروں اور مدلل بحث سے انہیں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔
سپریا سُلے نے مہاراشٹر کی سیاست، اسمبلی الیکشن کے بعد پیدا صورتحال اور نئی حکومت کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا ہے۔ وہ این سی پی کے سربراہ شردپوار کی اکلوتی صاحبزادی ہیں۔
لوک سبھا کے ایوان میں سوالات کرنے والے مہاراشٹرکے 6 اراکین سمیت دس اراکین پارلیمان کی فہرست میں شامل کی گئی ہیں جنہوں نے لوک سبھا کے ایوان میں حکومت سے اس کی پالیسی کے تعلق سے بے باک انداز میں سوال پوچھا ہے۔
سپریا سُلے بارہ متی سے تیسری بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئی ہیں۔ ایک بار راجیہ سبھا میں بھی رہی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق انہوں نے مئی اور دسمبر2019کے درمیان ایوان میں 167 سوالات کیے اور 75 بار مختلف بحث میں شریک بھی ہوئی ہیں۔
سُلے نے حکومت سے متعدد مسائل اور معاملات پر مسلسل سوالات کیے ہیں۔ ان میں صحت عامہ، خواتین و اطفال، اقلیتوں کے مسائل اور ماحولیاتی معاملے شامل ہیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان سبھاش بھامرے اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے سُلے کے بعد سب سے زیادہ یعنی 161 سوالات کیے ہیں۔
بھامرے پیشے سے ڈاکٹر ہیں اور دھولیہ، مہاراشٹر سے دوسری بار لوک سبھا پہنچے ہیں۔
سپریا سُلے ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران سرگرم رہتی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ایک ایم پی کی حیثیت سے ان کا یہ فرض ہے کہ وہ حکومت سے عوامی مسائل پر سوالات کریں۔
سپریا سُلے ایک سرگرم حزب اختلاف کی رہنما ہیں۔ ماضی میں لوک سبھا میں سپریا سُلے نے طلاق ثلاثہ بل، جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کے معاملے پر مدلل بحث کی جس کے سامنے بی جے پی اراکین کی فقرے بازی ٹک نہ سکی بلکہ مختلف موقعوں پر انہوں نے بحث کے دوران لقمہ دینے والے اراکین کو ان کے انداز میں جواب بھی دیا۔
مہاراشٹر میں شیوسینا کے نوجوان رہنما آدتیہ ٹھاکرے آج کل سرخیوں میں ہیں اور انہیں کم عمر وزیر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کے پوتے اور وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے صاحبزادے ہیں۔