ممبئی: مہاراشٹر میں جاری سیاسی ہلچل کے سبب کانگریس نے آج اپنے اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی ہے۔ میٹنگ میں ریاستی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے عہدہ کا دعویٰ پیش کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ایچ کے پاٹل بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ دراصل نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اجیت پوار کے جمعہ کو استعفیٰ دینے کے بعد اپوزیشن رہنما (ایل او پی) کا عہدہ خالی ہو گیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو نائب وزیراعلی کے طور پر حلف لیا جبکہ این سی پی کے آٹھ دیگر اراکین اسمبلی نے وزیر کے طور پر حلف لیا، تاہم شرد پوار کی قیادت والی این سی پی نے ایم ایل اے جتیندر اوہان کو اپوزیشن رہنما مقرر کیا ہے۔
دوسری طرف شرد پوار نے پیر کو کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی کی ایک اتحادی کانگریس کے لیے اپوزیشن رہنما کے عہدے کا دعویٰ کرنا مناسب ہے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے رہنما بالاصاحب تھوراٹ نے پیر کو کہا کہ کانگریس نے منگل کو اپنے قانون سازوں کی میٹنگ بلائی ہے جس میں اپوزیشن رہنما کے عہدے کے دعویٰ پر بات کرنے کا امکان ہے۔ تھوراٹ نے دعویٰ کیا کہ این سی پی صرف اسمبلی میں اپنے گروپ رہنما کا تقرر کر سکتی ہے۔