ممبئی:ریاست مہاراشٹر کے نئی ممبئی میں 16 اپریل کو 'مہاراشٹر بھوشن' ایوارڈ کی تقریب کے دوران ہیٹ اسٹروک سے کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ مرکزی وزیر امت شاہ نے اس تقریب میں روحانی پیشوا اور سماجی مصلح اپا صاحب دھرما دھیکاری کو مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ پیش کیا۔ لوگ صبح سے ہی پروگرام کے لئے جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔ تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پروگرام شروع ہوا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ اس دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پنڈال کے قریب ترین ویدر اسٹیشن پر 38 °C ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ریاستی ثقافتی امور کے وزیر سدھیر منگنٹیوار نے کہا کہ کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ اچانک درجہ حرارت اتنا بڑھ جائے گا کہ وہاں موجود لوگ ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو جائیں گے۔ منگنٹیوار کا یہ بیان ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی ہیٹ ویو کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر شدید تنقید کے درمیان آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کے لئے پینے کے پانی کے 3000 نل کا انتظام کیا گیا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک سینئر رہنما نے کہا کہ دھرمادھیکاری کے 20 لاکھ سے 25 لاکھ پیروکار اس عظیم الشان تقریب میں شریک ہوئے۔