اردو

urdu

ETV Bharat / state

'مہاراشٹر کرناٹک سرحدی تنازع بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا'

مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے سپریم کورٹ میں جاری مہاراشٹر اور کرناٹک کے سرحدی تنازع کے حل کے لیے فریقین کے درمیان بات چیت کے ذریعہ معاملہ حل کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

مہاراشٹر کرناٹک سرحدی تنازع
مہاراشٹر کرناٹک سرحدی تنازع

By

Published : Dec 7, 2019, 7:57 PM IST

منترالیہ میں اس ضمن میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں کابینی وزراء ایکناتھ شندے اور چھگن بھجبل کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ دونوں فریقین کے وکلاء کی میٹنگ طلب کر کے عدالت کے باہر آپسی مفاہمت سے سرحدی تنازع کو حل کرنے کے اقدامات کریں۔

ادھو ٹھاکرے نے اس موقع پر کہا کہ 'سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہمیں اس معاملے کو حل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اس تعلق سے وہ خود سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل ہریش سالوے سے بھی گفتگو کریں گے۔

وزیراعلی کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں ایکناتھ شندے، سبھاش دیسائی، چھگن بھجبل، نتن راؤت کے علاوہ ارکان اسمبلی حسن مشرف، راجیش پاٹل، انیل پرب اور دیگر موجود تھے۔

وزیراعلی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے حلف برداری کے بعد اس تعلق سے پہلی میٹنگ منترالیہ میں طلب کی تھی اور ان کی خواہش ہے کہ اس معاملے کو عدالت کے باہر ہی نپٹا لیا جائے۔

واضح رہے کہ کرناٹک میں واقع 865 دیہاتوں میں مراٹھی زبان بولی جاتی ہے جس میں بیلگام، کارووار اور نیپانی شامل ہیں۔

اس تعلق سے حکومت مہاراشٹر کا کہنا ہے کہ ان دیہاتوں کو مہاراشٹر میں شامل کیا جائے جبکہ حکومت کرناٹک یہ جواز پیش کر رہی ہے کہ وہ تمام دیہات ان کی ریاست کا حصہ ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details