صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی ، کانگریس اراکین نے مہاراشٹر کے معاملے پر ہنگامہ شروع کردیا۔ وہ ہاتھوں میں بینر لے کر نعرے لگاتے ہوئے اسپیکر کی نشست کے قریب آگئے۔
کیرالا کے ارنکولم سے کانگریس کے رکن پارلیمان ہی بی ایڈن اور کیرالہ کے ہی تھرسور سے پارٹی ممبر ٹی این پرتاپن ایک بڑے بینر کے ساتھ ایوان کے بیچ و بیچ آگئے جس پر'جمہوریت کو قتل کرنا بند کرو' کا نعرہ لکھا گیا تھا۔
اسپیکر اوم بریلا نے انہیں دو یا تین بار انتباہ کیا اور کہا کہ وہ اس بینر کو ایوان سے باہر لے جائیں۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا 'میں نام لے کر وارننگ دے رہا ہوں،ہی بی ایڈن اور پرتاپن ، آپ اسے لے کر باہر چلے جائیں' لیکن جب ان کی وارننگ کا کوئی اثر نہیں ہوا تو اسپیکر نے ان دونوں کو ایوان سے باہرنکالنے کا حکم دیا۔
مارشلوں نے جب دونوں کانگریسی اراکین کو ایوان سے باہر نکالنے کی کوشش کی تو انہوں نے مارشلوں کے ساتھ بھی دھکا مکی کی ۔اس دوران دیگر کانگریس اراکین کی نعرے بازی چلتی رہی۔پارٹی کے دو اراکین کو باہر نکالنے کا حکم دینے کے بعد وہ اور زور زور سے نعرے لگانے لگے۔
ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر برلا نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12بجے تک کے لیے ملتوی کردی۔