اورنگ آباد: مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی ہدایت پر ریاست بھر میں تندرست بچّہ مہم چلائی جارہی ہے۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن شعبے صحت کے ذمہ دار ڈاکٹر پارس مندلیچا کی رہنمائی میں اس مہم کے تحت بچوں اور ان کی ماؤں کے لیے طبی جانچ کیمپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ بچوں کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستوں کی کونسلنگ کی جا رہی ہے۔
اس مہم کے تحت قیصر کالونی میں موجود میونسپل ہیلتھ سینٹر کے ذمہ داروں نے محسن احمد پرائمری اسکول میں میڈیکل کیمپ منعقد کیا جہاں طلبہ کا طبی معائنہ کیا گیا۔ان میں دوائیں مفت تقسیم کرتے ہوئے ان کے والدین کی کونسلنگ کی گئی ہے۔ بدلتے موسم کی وجہ سے اورنگ آباد کے ہسپتالوں میں بھیڑ ہے۔ اسکول جانے والے کئی بچے وائرل انفیکشن کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن بیدار سرپرست تندرست بچّہ مہم چلا رہی ہے تاکہ اورنگ آباد کے تمام علاقوں میں واقعے اسکول کے بچے صحت مند رہ سکیں۔ محکمہ میونسپل ہیلتھ کے افسران اور ملازمین اسکولوں میں جا کر بچوں کے وزن اور طبّی جانچ کر رہے ہیں۔