سرکاری طیارے سے سفر کی اجازت نہ ملنے کے سبب بھگت سنگھ کوشیاری اور ان کے کچھ معاونین اسپائس جیٹ طیارے سے اتراکھنڈ کے لیے روانہ ہو گئے۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر دیویندر فڑنویس نے اس واقعہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ فڑنویس نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت کس قدر مغرور ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھگت سنگھ کوشیاری دہرادون میں گزٹڈ افسران کے ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لیے صبح 10 بجے اپنے دیگر معاونین کے ساتھ ہوائی اڈے پہنچ گئے۔ بھگت سنگھ کوشیاری کو مطلع کیا گیا کہ انھیں سرکاری طیارے سے سفر کی اجازت نہیں ہے لیکن کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔
گورنر کے دفتر سے جاری اطلاع کے مطابق بھگت سنگھ کوشیاری دہرادون کے دورے کی اطلاع دو فروری کو ہی دے دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ کے دفتر کو بھی اس کی اطلاع دے دی گئی تھی۔