مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے اتوار کی شام وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملاقات کی۔
تصاویر میں اجیت پوار، فڑنویس کے گھر سے روانہ ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
قبل ازیں پوار نے کہا تھا کہ 'میں راشٹروادی ہوں اور شرد پوار ہمارے رہنما ہیں۔'
اس معاملے میں شرد پوار کہہ رہے ہیں کہ وہ بی جے پی کے ساتھ نہیں ہیں جبکہ اجیت پوار نے بھی ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ وہ شرد پوار کے ساتھ ہیں لیکن بی جے پی کے وزیراعلی سے ملاقات معنی خیز ہے۔
واضح رہے کہ اجیت پوار نے پارٹی سربراہ کو اطلاع دیے بغیر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت کی تھی اور نائب وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا اس کے بعد انہیں پارٹی سے بغاوت کرنے پر قانون ساز مجلس کے لیڈر کے عہدے سے کل ہی برطرف کردیا گیا تھا۔
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے صبح کی اولین ساعتوں میں بی جے پی کے دیویندر فڑنویس کو وزیراعلی جبکہ اجیت پوار کو نائب وزیراعلی کے عہدے کا حلف دلایا تھا جس کے بعد ملک کی سیاست مین ہلچل مچ گئی۔
تا ہم شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے مشترکہ طور پر سپریم کورٹ مین عرضی داخل کر کے مداخلت کرنے اور گورنر کو حکم دینے کی گزارش کی ہے کہ وہ بی جے پی کو فوری طور پر اکثریت ثابت کرنے کو حکم دیں، فی الحال معاملہ کورٹ میں زیر سماعت ہے۔