ممبئی: مہاراشٹر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) میں سیٹوں کی تقسیم کی بات چیت آسانی سے ہو جائے گی۔ ہمارا پہلا مقصد ہے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینا۔ پٹولے نے یہ بیان ریاست کی 48 لوک سبھا سیٹوں کا جائزہ لینے کے لیے کانگریس کے دو روزہ اجلاس سے پہلے دیا۔ دراصل مہاراشٹر کے اپوزیشن اتحاد ایم وی اے میں ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا (UTB)، شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (NCP) اور کانگریس شامل ہیں۔ ایم وی اے مہاراشٹر میں سن 2019 سے جون 2020 تک حکومت کر رہی تھی۔ نانا پٹولے نے بتایا کہ زمینی سطح پر تمام 48 لوک سبھا سیٹوں پر کانگریس مضبوط ہے۔ ہم زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کی حکمت عملی پر بات کریں گے حالانکہ کانگریس تمام 48 سیٹوں کا جائزہ لے رہی ہے لیکن سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمارا پہلا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے۔ اس دو روزہ میٹنگ (کانگریس کی) مستقبل کی حکمت عملی پر ایم وی اے میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانگریس قومی سطح پر بی جے پی کا واحد متبادل ہے۔ ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم پر غور کرتے وقت ایم وی اے کے ذریعہ اتحادیوں جیسے بائیں بازو، سماج وادی پارٹی، کسان اور ورکر پارٹی کے خیالات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔