اردو

urdu

ETV Bharat / state

'ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ ہونا چاہیے' - ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ ہونا چاہیے

اسمبلی انتخابات کے پیش نظر شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں دوبارہ اقتدار میں آنے کا دعوی کیا نیز مخالفین پر جم کر نکتہ چینی کی۔

شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے

By

Published : Oct 11, 2019, 7:28 PM IST

Updated : Oct 11, 2019, 7:57 PM IST

ایک ملک ایک قانون کے تحت پورے ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ ہونا چاہیے، یہ مطالبہ شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے کیا، ادھو ٹھاکرے اورنگ آباد میں انتخابی مہم کے دوران عوام سے خطاب کر رہے تھے۔

ادھو ٹھاکرے نے کشمیر سے آرٹیکل 370 کی منسوخی پر فخر کا اظہار کیا، ساتھ ہی ملک بھر سے دراندازوں کو بے دخل کرنے کی بھی وکالت کی۔

شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے ۔ ویڈیو

پارلیمانی انتخابات کے بعد پہلی بار اورنگ آباد پہنچے شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو سننے کے لیے جم غفیر امڈ پڑا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیوسینا کے سربراہ نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ اسی کے ساتھ اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ ہونا چاہیے اور دراندازوں کو ملک بدر کرنا چاہیے۔

انہوں نے دوران تقریر کانگریس کے موجودہ رہنماؤں پر نکتہ چینی کی، ساتھ ہی اجیت پوار اور شرد پوار پر نوٹنکی کرنے کا الزام عائد کیا۔

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 'شرد پوار کی ای ڈی کے روبرو پیشی محض ایک ڈرامہ تھا۔'

ادھو نے مطالبہ کیا کہ 'جو بدعنوانیاں ہوئی ہیں ان کی جانچ ہونا چاہیے۔'

انہوں نے حکومت گرانے کے شرد پوار کے بیان کا مذاق اڑاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سے ریاست میں شیوسینا بی جے پی کی حکومت بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اپنی تقریر میں شیوسینا صدر نے اورنگ آباد پارلیمانی نشست ہاتھ سے نکل جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے دھوکہ دہی سے تعبیر کیا، تاہم یہ بھی اعلان کیا کہ کسی بھی صورت میں اورنگ آباد پر بھگوا پر چم لہرائے گا، شیواجی کے سوراج کا حوالہ دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے اورنگ زیب کا نام لیے بغیر انھیں خلدآباد میں دفنانےکا اشارہ کیا نیز ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی کی اورنگ آباد میں تدفین کی خواہش پر بھی نکتہ چینی کی۔

اپنی چالیس منٹ کی تقریر میں ادھو ٹھاکرے نے پاکستان کو جموں و کشمیر میں مداخلت سے باز رہنے کی بات کہی اور پاکستان حامیوں کو ملک بدر کرنے پر زور دیا۔

اس کے علاوہ شیوسینا سربراہ نے دوبارہ اقتدار میں آنے کی صورت میں متعدد وعدے بھی کیے۔

انہوں نے ریاست کے کسانوں کو قرض سے نجات دلانے، غریبوں کو ایک روپے میں تمام طبی امداد، دس روپے میں شیو بھوجن اور گھریلو بجلی کے بل میں تین سو یونٹ تک تیس فیصد کی رعایت دینے جیسا وعدہ کیا۔

واضح رہے کہ ریاست مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو پولنگ ہوگی جبکہ 24 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

Last Updated : Oct 11, 2019, 7:57 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details