اورنگ آباد: مہاراشٹر میں لوک سبھا اور ودھان سبھا انتخابات کے لیے بمشکل ڈیڑھ سال باقی رہ گئے ہیں۔ اس لیے ریاست کی تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ مہا وکاس اگھاڑی نے پہلے ہی انتخابات کے لیے ماحول بنانا شروع کر دیا ہے۔ گذشتہ کئی سال قبل بالا صاحب ٹھا کرے کا ایک اجلاس اورنگ آباد کے تاریخی مراٹھواڑہ سنسکروتک منڈل کے اسی میدان میں ہوا تھا جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔ اسی طرز پر مہا وکاس اگھاڑی نے بھی اجلاس کرنے کا فیصلہ کیا اور دیر شام میدان میں اشوک چوہان اور اجیت پوار کی تقریر کے بعد ادھو ٹھاکرے نے ایک زبردست تقریر کی۔
ادھو ٹھا کرے نے شندے حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نام، نشان تک چرا لیا گیا اور اب آپ میرے باپ کی تصویر بھی چورا رہے ہیں۔ تم لوگ مودی کو لاؤ میں اپنے والد بالا ٹھاکرے کے نام کو لاتا ہوں۔ تم مجھ سے لوگوں کی ہمدردی نہیں چھین سکتے۔ دنیا کے سب سے طاقتور ہندو لیڈر کے وزیر اعظم بننے کے بعد ہندوؤں کو رونا پڑ رہا ہے۔ اس لیڈر کی ایسی طاقت کا کیا فائدہ، ادھو ٹھاکرے نے اس طرح کا سوال بھی کیا۔