ناندیڑ:خالصتانیوں کو لے کر بھارت اور کینیڈا کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے۔ اس پس منظر میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے ملک بھر کے 43 گینگسٹروں کی فہرست جاری کی ہے۔ بھارت اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان میں سے کچھ کے مہاراشٹر کے ضلع ناندیڑمیں پناہ لینے کا امکان ہے۔ لہذا ناندیڑ پولیس نے وارننگ جاری کی ہے اور پولیس کو مشتبہ لوگوں کی نقل و حرکت کی اطلاع دینے کی ہدایت دی ہے۔ این آئی اے نے ملک کے 43 بدمعاشوں کی فہرست ان کی تصاویر کے ساتھ جاری کی ہے۔ پولیس کا قیاس ہے کہ ان میں سے کچھ ناندیڑ میں قیام کرسکتے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سری کرشن کوکاٹے نے بتایا کہ تمام سسٹم کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
گینگسٹر ہرویندر سنگھ رندا ناندیڑ میں تھا:
گینگسٹر ہرویندر سنگھ رندا کئی سالوں سے ناندیڑ میں مقیم تھا۔ اس نے یہاں بہت سے لوگوں کو بھتہ وصولنے کی دھمکی دی تھی۔ اس نے کچھ لوگوں پر فائرنگ بھی کی تھی۔ رندا کے بہت سے ساتھی ابھی بھی ناندیڑ میں ہیں۔ دوسری جانب پنجاب میں سنگین جرائم کرنے والے ملزمان ناندیڑ میں پناہ لیتے ہیں۔ بدنام زمانہ ملزمان کے پنجاب میں جرائم کرنے کے بعد ناندیڑ میں پناہ لینے کے کئی واقعات ہیں۔ اس لیے پولیس کی یہ وارننگ خاص اہمیت کی حامل ہے۔ کینیڈا میں خالصتانی نجار کی ہلاکت کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت پر سنگین الزامات عائد کیے اور دونوں ممالک کے درمیان فی الحال سفارتی تعلقات میں کڑواہٹ آگئی ہے۔