ممبئی ہائی کورٹ کے سابق جج ہوسبیٹ سریش کا گزشتہ شب انتقال ہوگیا۔ وہ 91 سال کے تھے۔ بابری مسجد کی شہادت کے بعد ممبئی میں ہونے والے دونوں دور کے فرقہ وارانہ فسادات کی ایک آزاد پینل نے بھی تحقیقات کی جس کے سربراہ ایچ سریش تھے۔ وہ، سری کرشنا کمیشن کی کارروائی میں بھی پیش پیش رہے، ہمیشہ مظلوموں کے لیے آواز اٹھاتے رہے ۔
جسٹس ہوسبیٹ سریش کرناٹک میں پیدا ہوئے۔ اعلیٰ تعلیم اور وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ابتدا میں ممبئی سٹی سول کورٹ میں پریکٹس کی، یہاں تک کہ وہ گورنمنٹ لاء کالج میں پارٹ ٹائم پروفیسر کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔ بالآخر انہوں نے سول عدالت سے بحیثیت جج استعفیٰ دے دیا اور ممبئی ہائی کورٹ میں پریکٹس کرنا شروع کردیا۔ وہ 1991 میں ریٹائر ہوئے تھے لیکن انسانی حقوق کے لیے کمربستہ رہے۔ جسٹس سریش کو انسانی حقوق کا چیمپئن کہا جاتا تھا۔
ممبئی کے خونریز فسادات کی انکوائری کمیشن کی سست رفتاری کے مدنظر ایک آزاد پینل کے تحت تحقیقات کا حصہ رہے ، جس نے حکومت، انتظامیہ، پولیس اور دائیں بازو کی سیاسی پارٹیوں اور تنظمیوں کو فسادات کے لیے مورد الزام ٹھہرایا تھا ، بعد میں جسٹس سری کرشنا نے بھی آزادانہ تحقیقات کی رپورٹ کا حوالہ دیا اور اسے شامل کیا گیا۔
جسٹس سریش نے 2002 میں گجرات فسادات، خوراک کا حق اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق معاملات، جج کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد اٹھائے اور ان مقدمات کی پیروی کی تھی۔
سریش گجرات فسادات حقائق تلاش کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ گجرات کے سابق وزیر داخلہ ہرین پانڈیا نے ٹیم کو ریکارڈ پر آگاہ کیا تھا اور پولیس سے کہا گیا تھا کہ وہ فسادیوں کو روکیں جس کے بعد پانڈیا 2003 میں قتل کر دیے گئے۔
جسٹس سریش بھارت میں عدالتی نظام کے ایک ناقد بھی تھے۔ انہوں نے 2015 میں ایک پروگرام میں کہا تھا کہ "2002 کی نسل کشی کے معاملے میں کوئی انصاف نہیں ملا ہے۔"