دہلی میں واقع مرکزِجماعت اسلامی ہند کے ذمہ داروں نے ممبئی میں دعوتی سرگرمیوں کی منسوخی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔ جماعت اسلامی سے وابستہ معروف عالم دین مولانا رضی الاسلام ندوی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کے مرکزی ذمہ داروں کی طرف سے ایسی کوئی بھی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے۔
مولانا رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ ایسا ممکن ہے کہ ممبئی میں جماعت کے کسی مقامی ذمہ دار نے ذاتی طور پر ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر دعوتی سرگرمیوں میں احتیاط برتنے کی بات کہی ہو لیکن جماعت اسلامی کی طرف سے باضابطہ طور پر ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی کام ہی غیر مسلمانوں میں دعوت و تبلیغ کا کام کرنا اور اسلام کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ لہٰذا جماعت اپنے ارکان اور عام مسلمانوں کو اس میدان میں کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔