اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد کے چیتے گاؤں کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں غیر قانونی اسقاط حمل کا انکشاف ہوا ہے۔ اسقاط حمل کے دوران ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد اورنگ آباد کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد پولیس اور محکمۂ صحت کی میڈیکل ٹیم نے چیتے گاؤں میں پہنچ کر اسپتال پر چھاپہ ماری کی۔ اسقاط حمل کرنے والے دو ڈاکٹر فرار ہو گئے۔ رات گئے تک تحقیقات کا سلسلہ جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق دیس گاؤں پڑوی ( ضلع بلڈانہ ) کی ایک 27 سالہ خاتون کو گھائی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا خاتون کو پیٹ میں درد کی شکایت تھی۔
شعبۂ امراض نسواں کے ڈاکٹروں نے چیک کیا تو ایمنیک تھیلی سے خاتون کا جنین نکلا اس کے علاوہ ایمنیک تھیلی بھی پھٹی ہوئی تھی۔ اس لیے فوری علاج کیا گیا اور معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع سرجن ڈاکٹر دیانند موتی پاولے نے خاتون کی حالت کا جائزہ لیا۔ پی سی پی این ڈی ٹی کی ٹیم میں ضلع اسپتال کے گائناکالوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر کملا کریڈ کھیڈ کر، ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر شامل تھے۔