ممبئی: ممبئی کے آزاد میدان میں وزیر اعلی ایکناتھ شندے کا دسہرہ جلسہ منعقد ہوا۔ ایکناتھ شندے نے اپنی تقریر شروع کرتے ہی ادھو ٹھاکرے کو نشانہ بنایا۔ شندے نے کہا کہ "ہمارے لیے میدان نہیں بلکہ خیالات اہم ہیں۔ میں نے کبھی بھی بالاصاحب کے خیالات کو نہیں چھوڑا۔ جہاں بالا صاحب کے خیالات ہیں، وہی ہمارا شیو تیرتھ ہے۔ ایکناتھ شندے نے مزید کہا کہ بالاصاحب نے کہا تھا کہ جب کانگریس میری ہوگی تو میں اپنی دکان بند کردوں گا۔ اب آپ اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کر دیں تو کوئی تعجب کی بات نہیں ہو گی۔ اقتدار کے لیے ایم آئی ایم کا سہارا لیں تو بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اب آپ دہشت گرد تنظیم حماس اور لشکر طیبہ سے بھی مل سکتے ہیں۔ آپ کا شیو سینکوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ایکناتھ شندے نے حملہ کیا کہ اب آپ کو اپنی اور اپنے خاندان کے آگے کچھ بھی نظر نہیں آتا۔
وہیں ادھو ٹھاکرے نے ریاستی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہم سے نہ ٹکرائیں۔ ہمارا ہندو مذہب قومی ہے۔ جو ذات اور مذہب سے تعلق رکھتا ہے وہ ہمارا ہے۔ پورا بھارت، مہاراشٹر کی طرف دیکھ رہا ہے۔ ٹھاکرے نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ ہمارے جذبات سے کھیلنا چاہتے ہیں تو ہم بھی آپ کو جواب دیں گے۔ ہمیں مراٹھی لوگوں کو متحد کرنا ہوگا۔ میرا حکومت کو چیلنج ہے کہ اگر آپ کو اتنا غرور ہے تو الیکشن کروا کر دکھائیں۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ہم عوام کی عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہیں۔