ممبئی: مہاراشٹر حکومت کے اپنے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے تھانے ضلع میں 1852 بچے غذائی قلت کے شکار ہیں۔ ریاست کے خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمے اور محکمہ صحت نے یہ جائزہ تھانے کے شہری اور دیہی علاقوں میں کیا ہے۔ یہ انکشاف ہوا ہے کہ 181 بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور 1671 بچے معمولی غذائیت کا شکار ہیں جب کہ 23034 بچے کم وزن کے پائے گئے ہیں۔
ادھو سینا اور دیگر جماعتوں نے قانون ساز کونسل میں ریاست میں غذائی قلت اور بچوں کی اموات کے سلسلے میں ریاستی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر سوالات اٹھائے۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر ادیتی تٹکرے نے قانون ساز کونسل میں اس کا تحریری جواب دیا۔ وزیر نے تھانے ضلع میں شہری اور دیہی منصوبوں کے تحت ماؤں اور بچوں کی غذائی حالت کا انکشاف کیا۔ اس کے مطابق تھانے ضلع میں انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز اسکیم کے تحت 16 پروجیکٹ ہیں۔ ان میں سے آٹھ منصوبے شہری اور دیہی علاقوں میں ہیں۔ جس کے مطابق مارچ 2023 کی ماہانہ پروگریس رپورٹ کے مطابق ضلع میں 266049 بچوں کا وزن کیا گیا۔ ان میں سے 243009 نارمل وزن کے، 20361 درمیان اور کم وزن کے اور 2679 انتہائی کم وزن کے بچے پائے گئے۔ یعنی کم وزن بچوں کی تعداد 23034 تک پہنچ گئی ہے۔