اردو

urdu

مالیگاؤں: سماجی تنظیم کی ایڈیشنل کلکٹر سے ملاقات

By

Published : Mar 13, 2021, 12:48 PM IST

حفاظت گروپ کے صدر نے الزام عائد کیا کہ گرنا پمپنگ اسٹیشن پر ریپیئرنگ کے نام پر 3 کروڑ 72 لاکھ روپے کا ٹینڈر نکالا گیا جبکہ نیا پمپ فٹنگ وغیرہ کر کے گارنٹی وارنٹی کے ساتھ 50 سے 60 لاکھ میں کام ہوجاتا ہے۔

hifazat group blamed on Malegaon municipal commissioner
'لاپرواہ کمشنر کے سبب شہر کا نظام درہم برہم'

ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کی معروف سماجی تنظیم 'حفاظت گروپ' کے صدر محمد عارف نوری کی قیادت میں وفد نے ایڈیشنل کلکٹر سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کے خلاف اگر جلد کارروائی نہیں کی گئی تو آنے والے دنوں میں میونسپل کمشنر کے خلاف سخت احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔ اس میمورنڈم کی ایک کاپی ریاستی وزیر چھگن بھجبل کو بھی روانہ کی گئی ہے۔

حفاظت گروپ کے صدر عارف نوری نے کہا ہے کہ میونسپل کمشنر دیپک کاسار جب سے اپنے عہدے پر براجمان ہوئے ہیں تب سے اب تک ایسا محسوس ہورہا ہے کہ کارپوریشن کو برخاست کردیا گیا ہے اور مالیگاؤں شہر میں کوئی انتظامیہ یا ذمہ دار ہے ہی نہیں، کارپوریشن میں من موجی کاروبار جاری ہے اور عوام کی تکلیفوں کو کوئی سننے، دیکھنے، سمجھنے والا موجود نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے شہر میں گندگی، تعفن، کچروں کے انبار، آوارہ کتّوں کی دھماچوکڑی، مچھروں کی بہتات، ملیریا، کارپوریشن کا تجاوزات بڑھتا جارہا ہے. صاف صفائی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، محکمہ صحت ناکام ہوچکا ہے و دیگر مسائل سے شہریان جوجھ رہے ہیں۔

حفاظت گروپ کے صدر نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر اکثر کارپوریشن سے غائب رہتے ہیں۔ دفتروں میں اکثر افسران غائب رہتے ہیں۔

عارف نوری نے سوالات کی بوچھار کرتے ہوئے کہا کہ کیا مالیگاؤں شہر کو ایسے غیر ذمہ دار کمشنر کی ضرورت ہے؟ کمشنر کی کارپوریشن سے مسلسل غیر حاضری معنی خیز ہے! شکایتوں کے انبار ڈپٹی کمشنر و دیگر افسران صرف جمع کررہے ہیں اور عمل ندارد ہے۔ پچھلے دنوں شہر میں کئی کاموں کی شروعات کی گئی کیا کمشنر ان کاموں کا جائزہ لینے پہنچنے؟ کتنے کاموں کی کوالٹی ٹیسٹ کروائی؟ کتنی مرتبہ شہر کا دورہ کیا؟ فائلیں گھر پر جمع ہورہی ہے آفس کا کام گھر پر کیوں؟ کیا سرکار انھیں تنخواہ نہیں دیتی؟ کیا یہ پرائیویٹ کمپنی چلارہے ہیں؟ عوامی نمائندوں کو بھی بار بار ان کے گھر جانا پڑتا ہے اگر کمشنر کو تمام کام اپنے بنگلے سے ہی کرنا ہے تو انھیں گھر ہی بیٹھا دیا جائے۔

مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے کارپوریشن میں بدعنوانی کا بھی اندیشہ ہے جنتے دن کمشنر کارپوریشن سے غیر حاضر تھے اتنے دن کی تنخواہ کاٹی جائے اور ان پر سخت کارروائی کی جائے کیونکہ کمشنر کے اس غیر ذمے دارانہ رویے کی وجہ سے شہر کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے اور اگر کمشنر اپنی ذمہ داری نہیں ادا کر سکتے تو انھیں فوراً معطل کردینا چاہیے۔ ایسے کمشنر کی شہر کو ضرورت نہیں ہے اور ان کی جگہ ایک ایماندار فرض شناس کمشنر کی تقرری کی جائے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ گرنا پمپنگ اسٹیشن پر ریپیئرنگ کے نام پر 3 کروڑ 72 لاکھ روپے کا ٹینڈر نکالا گیا جبکہ نیا پمپ فٹنگ وغیرہ کرکے گارنٹی وارنٹی کے ساتھ 50 سے 60 لاکھ میں کام ہوجاتا ہے۔ کارپوریشن میں اندھیر نگری چوپٹ راج جاری ہے پچھلے کورونا بلوں میں بھی کروڑوں روپے نکالے گئے، بائیو مائننگ، کچروں کے ٹھیکے میں گھپلا، کمشنر کیا کر رہے اور کیا کرنا چاہتے ہیں؟

اس وفد میں حفاظت گروپ کے صدر محمد عارف نوری، خان باقر حسین، مولانا عبدالرشید مجددی، سرفراز وائرمین، مشیر احمد، ساجد اختر، محمد صادق کپتان، و دیگر افراد شامل تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details