ممبئی:مہاراشٹر کےممبئی میں اچانک بارش سے شہریوں کو شدید گرمی سے راحت ملی ہے، جبکہ پڑوسی تھانے، رائے گڑھ ضلع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق صبح سے آسمان پر بادل چھائے رہے اور پونے سات بجے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا اور تقریباً ساڑھے 9 بجے سے تیز ہواؤں کے ساتھ ہی موسلادھار بارش شروع ہوگئی جوکہ نصف گھنٹے جاری رہی۔ دفتر موسمیات کے مطابق ممبئی میں مزید گرج چمک، ہلکی سے درمیانی بارش اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ آئی ایم ڈی ممبئی نے کہا کہ باہر جاتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پیر کو ایک دن کی تیز دھوپ کے بعد، ممبئی میں منگل کی صبح غیر متوقع بارش ہوئی۔ گرج چمک کے ساتھ طوفان اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ممبئی، تھانے، رائے گڑھ میں ہو گی۔
واضح رہے کہ دہلی- این سی آر میں پیر کی شام ہوئی بارش نے پچھلے تین سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ یہاں صرف تین گھنٹوں میں 6.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ پچھلے تین سالوں میں 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی دہلی-این سی آر اور آس پاس کے علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کے امکانات ہیں۔ وہیں محکمہ موسمیات نے اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ وہیں 23 مارچ سے شمال مغربی بھارت پنجاب، ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، راجستھان جیسی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔