اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں غیرموسمی بارش کے بعد اب گرمی اپنا ستم ڈھا رہی ہے۔ شہر میں درجہ حرارت 40 ڈگری کے تک پہنچ گیا ہے، جس کی وجہ سے شہریان گرمی سے پریشان ہیں۔ دوپہر کے وقت راستوں پر سناٹا دکھائی دے رہا ہے اور لوگ ضروری کام کے لیے ہی اپنے گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔
اورنگ آباد میں غیر موسمی بارش کا سلسلہ ختم ہو جانے کے بعد اب شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے اور شہر کا درجہ حرارت چالیس ڈگری کے تک پہنچ گیا ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ سے شہریان پسینہ پسینہ ہونے لگے ہیں۔ لوگ گھروں، دُکانوں اور دفاتر میں کولر اور اے سی لگا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ امسال موسم گرما کے آغاز سے ہی وقفے وقفے سے غیر موسمی بارش کا سلسلہ جاری تھا، جس کی وجہ سے چند روز قبل تک گرمی کا احساس نہیں ہو پایا تھا، لیکن گذشتہ چار پانچ دن سے شہر و اطراف میں بے موسمی بارش کا سلسلہ بند ہو گیا ہے اور بادل صاف ہو چکے ہیں اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے۔