ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل پاورلوم صنعتی شہر بھیونڈی میں تھانے فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن کی ٹیم نے ویر ہاوس علاقے راہنال کے مونی صورت کمپلیکس میں واقع کنٹینرمیں سینی ٹائزرکے پیچھے چھپا کررکھے گئے 37 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کا سو بوری مختلف برانڈ کا ممنوعہ گٹکھا کے علاوہ تقریباً 15 لاکھ روپے کا کنٹینر اور لاکھوں روپے مالیت کا سینی ٹائزر ضبط کیا۔
اس کاروبار میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا گیاجس میں ایک ٹرانسپورٹر اور ایک اسکا ساتھی شامل ہے۔
اطلاع کے مطابق تھانہ فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈ منسٹریشن کے جوائنٹ کمشنر سنیل بھردواج کی جانب سے موصولہ خفیہ اطلاع کے مطابق وبائی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے تمباکوسے بنی سبھی اشیاء پر مکمل پابندی عائدکردینے کے باوجود گٹکھا مافیاطرح طرح کے ہتھکنڈے اپنا رہا ہے۔