اورنگ آباد:مراٹھواڑہ کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال گھاٹی میں مریضوں کے بوجھ کو کم کرنے اور شہریوں کی اچھی صحت کی برقراری کیلئے معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے اورنگ آباد شہر کے جالنہ روڈ اور شاہ گنج بھاجی منڈی علاقے میں تمام سہولیات سے آراستہ اسپتالوں کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔
ان دونوں جگہوں پر اسپتالوں کے قیام کیلئے منظوری مل چکی ہے۔ اس کی اطلاع ایم پی امتیاز جلیل نے صوبیداری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ شاہ گنج میں 23 کروڑ روپے کی لاگت سے سو بیڈ کے اسپتال کا قیام عمل میں لایا جائےگا۔جبکہ جالنہ روڈ پر چار سو بیڈ پر مشتمل اسپتال بنایا جائے گا۔
امتیاز جلیل نے مزید کہا کہ مراٹھواڑہ، ودربھ ، خاندیش، احمد نگر وغیرہ مقامات سے مریض گھاٹی اسپتال میں علاج کیلئے آتے ہیں۔ مریضوں کی تعداد کے مقابلے میں گھاٹی اسپتال میں بیڈز ، ڈاکٹرز، نرسیں اور طبی عملہ وسہولیات کم ہیں۔ جس کے باعث مریضوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔لہذا مزید اسپتالوں کی ضرورت ہے۔